انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت مل گئی، قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کے ارائیول کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
قومی اسکواڈ اتوار کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کرے گا، پیر اور منگل کو قومی اسکواڈ کے ٹریننگ سیشنز ایل سی سی گراؤنڈ لاہور میں منعقد ہوں گے۔
قومی اسکواڈ 14 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سیناریو میچ کھیلے گا، اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہو گا۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہو گا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 29 اکتوبر کو افغانستان کے مدِمقابل ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہو گا۔
Comments are closed.