مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے کوالیفائر راؤنڈ کے ایک میچ میں سری لنکا نے نمیبیا کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی نمیبیا کی ٹیم اپنے پہلے ہی میچ میں 96 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
سابق چیمپئن ٹیم سری لنکا نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے نمیبیا کو چاروں شانے چت کیا۔
نمیبیا کی جانب سے صرف کریگ ولیمز 29 اور جیرہارڈ ایرسمس 20 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے مہیک تھیکشانا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ لاہیرو کمارا، ہسارنگا ڈی سلوا کے حصے میں دو دو اور چمیکا کرونارتنے اور دشمانتھا چمیرا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کے بولرز نے ابتدا میں سری لنکا کو خوب پریشان کیا اور اسے 26 کے مجموعے پر 3 وکٹوں سے محروم کردیا۔
ایسے میں اوشکا فرنینڈو اور بھانوکا راجاپکسا نے شاندار پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو ایونٹ میں پہلی کامیابی دلوادی اور مطلوبہ ہدف 14ویں اوور میں ہی پورا کرلیا۔
بھانوکا راجاپکسا نے 42 جبکہ اوشکا فرنینڈو نے 30 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
نمیبیا کی جانب سے روبین ٹرمپلمین، برنارڈ اسکولٹز اور جے جے سمٹ نے ایک ایک وکٹ لی۔
شاندار بولنگ پرفارمنس پر مہیک تھیکشانا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments are closed.