مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے اہم میچ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا، لیکن آئرش ٹیم 101 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جہاں سری لنکن بلے باز ابتدا میں لڑکھڑائے اور 3 وکٹیں گنوا بیٹھے، تاہم بعد میں ہراسنگا ڈی سلوا کے 71 اور پتھم نسانکا کے 61 رنز نے ٹیم کو بحران سے نکال کر بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔
اختتامی لمحات میں کپتان دسن شناکا نے 21 رنز بنا کر سری لنکا کو 171 کے مجموعے پر پہنچادیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے جوش لٹل 4 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ مارک اڈائر نے 2 اور پال اسٹرلنگ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں تجربہ کار سری لنکا نے آئرلینڈ کو مکمل آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اسے صرف 101 رنز پر ہی آل آؤٹ کردیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے کپتان اینڈی بلبیرنی 41 اور کرٹس کیمفر 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر کسی بیٹسمین نے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا نے 3 وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے جبکہ چمیکا کرونارنتے، لہیرو کمارا نے 2، 2، اور دشمنتھا چمیرا، ہسارانگا ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکا اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرگیا جبکہ اب گروپ اے میں نمیبیا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرے گی۔
Comments are closed.