بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ٹیکس کی قدر کرتے ہیں، عوام کاپیسہ عوام پر خرچ کریں گے، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم پروٹوکول پر خرچ رقم بچا رہے ہیں، تین سال میں 108 کروڑ روپے وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ کم کیا ہے، ہم آپ کے ٹیکس کی قدر کرتے ہیں، آپ کا پیسہ آپ پر خرچ کریں گے۔

پہلی ماحول دوست الیکٹرک بائیک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ موٹرسائیکلوں کا زیادہ استعمال ہے، الیکٹرک موٹرسائیکل لانا پڑیں گی۔

ان کاکہنا تھا کہ الیکٹرک وہیکل کی حوصلہ افزائی کلین اینڈ گرین مہم کا حصہ ہے، الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں زیادہ ڈالر آئیں گے تو ملک امیر ہوجائے گا، ڈالرز زیادہ باہر جائیں گے تو ملک غریب ہوجائے گا، ہمیں امپورٹ کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن شارٹ کٹ کی وجہ سے امپورٹ کر لیتے ہیں،امپورٹ سے کچھ لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے، ہمیں اب سوچ بدلنی ہے، نیا روڈ میپ دینا ہے

عمران خان نے کہا کہ آگے کا سوچنے والے ممالک ترقی کرتے ہیں، مافیا فائدہ اٹھانے کے لئے پالیسی تبدیل کر دیتے ہیں، نئی نسل کے مستقبل کے لئے آج منصوبہ بندی کرنی ہو گی۔ 

ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم باہر سے آتا ہے تو کہتے ہیں کتنی رقم لے کر آئے ہو، بھیک لے کر آگئے تو کامیاب دورہ ہوگیا، ہمیں ملکی دولت میں اضافہ کرنا ہے تو ایکسپورٹ پر توجہ دینا ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جنگلات کم ہیں، دس ملین درخت لگانا پڑیں گے، اسلام آباد ڈیڑھ گنا بڑھ چکا ہے ،کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے، تمام شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں آلودگی سے جانوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، کوئی لانگ ٹرم پلاننگ نہیں ہے، ہم لانگ ٹرم پلاننگ کرنے جا رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.