پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے زیادہ میچز نہیں اس لیے تجربات سے گریز کرنا ہوگا، قومی ٹیم کے مڈل آرڈر کا مسئلہ بہت پرانا ہے۔
کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیٹر امام الحق نے کہا کہ ٹیم میں کچھ خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔
امام الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں سنچری نہ ہونے کا دکھ ہے لیکن ٹیم کی جیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی پرسنل رینکنگ پر بہت بات ہوتی ہے ،کھلاڑی کی پرسنل رینکنگ سے فائدہ ٹیم کو ہی ہوتا ہے۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک پرسنل رینکنگ سے زیادہ ٹیم کی رینکنگ کی اہمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی فیلڈنگ بھی بہتر بنانا ہوگی، 15 سے 35 اوور کے درمیان وکٹیں کم لی جارہی ہیں، مڈل اوورز میں وکٹیں نہ لیں تو مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔
امام الحق کا کہنا تھا کہ سیریز میں کلین سوئپ کا ارادہ ہے، پہلی ترجیح سیریز جیتنا تھا، سیریز جیتنے کی نارمل فیلنگ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بدھ کو تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 26 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
Comments are closed.