جمعہ15؍ربیع الثانی 1444ھ11؍نومبر 2022ء

ٹیم نروس نہیں، فائنل میں سو فیصد کھیل پیش کریں گے، بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اس ورلڈ کپ کو 1992 کے ورلڈ کپ سے مماثلت دی جارہی ہے، ہم نروس نہیں ہیں، پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے دباؤ نہ لیں۔

میلبورن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سارے کھلاڑی فائنل کھیلنے کیلئے ایکسائٹڈ ہیں۔ ٹیم نروس نہیں، فائنل میں سو فیصد کھیل پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم بہترین ٹیم ہے، ہماری ان سے ہوم سیریز بھی ہوئی۔

کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہیں ہوا لیکن پھر ہم نے اچھا کم بیک کیا، تمام کھلاڑی شیروں کی طرح کھیلے۔

فائنل کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابتدائی چھ اوور بہت اہم ہیں، ہمارا یقین اللّٰہ پر ہے اور پورا بھروسہ بھی ہے، ہمارا کام محنت کرنا ہے نتیجہ اللّٰہ کے ہاتھ میں ہے۔

اتوار کے روز ہونے والا بڑا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے سوال پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ رمیز راجہ سے ملاقات خوشگوار رہی، انہوں نے یہ ہی کہا کہ کھل کر کھیلیں، اپنے گیم پر قائم رہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے فائنل میچ میں ٹاس کی اہمیت زیادہ نہیں ہے، موسم تو ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن دعا ہے کہ میچ مکمل ہو اور بارش سے متاثر نہ ہو۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے جو پلان بنایا ہے اس پر عمل کرنا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.