انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالیے ہیں، جیت کیلئے اسے مزید 280 رنز درکار ہیں جبکہ 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
اس سے قبل انگلینڈ کے تاریخی اوول گراؤنڈ پر کھیلے جارہے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے دوسری اننگز 270 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔ یوں بھارت کو جیت کیلئے 444 رنز کا ہدف ملا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز روہیت شرما اور شبمن گل نے 41 رنز کا آغاز فراہم کیا، اس موقع پر شبمن برق رفتار 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹر چتیشور پجارا 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، مجموعی اسکور میں صرف ایک رنز کے اضافے پر روہیت شرما 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کھیل کے اختتام پر ویرات کوہلی 44 اور اجنکیا رہانے 20 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، اسکاٹ بولینڈ اور نیتھن لیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
فائنل کے چوتھے دن آسٹریلیا نے دوسری اننگز 4 وکٹوں پر 123 رنز سے شروع کی، الیکس کیرے 66 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ مچل اسٹاک اور مارنوس لبوشین نے41، 41 رنز بنائے۔
گزشتہ روز اسٹیو اسمتھ 34، کیمرون گرین 25 اور عثمان خواجہ 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
بھارتی کی طرف سے رویندرا جڈیجا نے 3، محمد شامی اور امیش یادیو نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں گزشتہ روز 296 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
Comments are closed.