بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ٹِک ٹاک نے ملازمتوں میں مدد کی سروس شروع کردی

بیجنگ: ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو ملازمت کی تلاش میں مدد دے گا اور اس کے لیے ’ریزیومے‘ نامی سروس شروع کردی ہے۔ 

اس کا اعلان ٹک ٹاک نے حال ہی میں کیا ہے۔ فی الحال یہ سروس امریکہ میں آزمائشی طور پر شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت آپ افرادی قوت کے ادارو ں تک اپنا سی وی اور ملازمتی کوائف بھیج سکیں گے۔ اس کا مقصد ٹک ٹاک کو مزید عوامی مفاد کے لیے بہتر بنانا ہے اور صارفین کے لیے ملازمتوں کی تلاش میں مدد کرنا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹک ٹاک نے اس ضمن میں دنیا کی بڑی کمپنیوں اور اداروں سے بھی رابطہ کیا ہے جن میں ٹارگٹ، ڈبلیو ڈبلیو ای، اے ایل او یوگا، شاپیفائی اور دیگر کمپنیاں سرِ فہرست ہیں۔ تجزیہ کاروں نے اسے قدرے دلچسپ قرار دیتے ہوئے اسے لنکڈاِن جیسی سہولیات کی فراہمی کا ایک پلیٹ فارم بنانے کی کاوش قرار دیا ہے۔

اسے استعمال کرنے کے لیے ٹک ٹاک نے ایک بہت ہی سادہ طریقہ بھی پیش کیا ہے۔ وہ یہ ہے کہ پہلے ٹک ٹاک کلپس میں ’شوکیس دیئر اسکل سیٹس اینڈ ایکسپیریئس‘ میں جائیں۔ پھر وہاں #TikTokResumes کے ساتھ ایک کیپشن لکھ کر اسے پوسٹ کردیجئے۔ دوسری اہم خبر یہ ہے کہ خود ٹک ٹاک نے بھی ملازمت کے لیے اپنی ایک الگ ویب سائٹ بنائی ہے جہاں ویڈیو سی وی اور ٹیکسٹ کوائف بھیجے جاسکتے ہیں۔

اس سے قبل ٹک ٹاک نے ای کامرس اور خریدوفروخت کے لیے بھی کئی آپشن پیش کئے ہیں جو اب بھی مقبول ہیں۔

 

You might also like

Comments are closed.