بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ٹراپیکل سمندری طوفان، محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کردیا

شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کے باعث محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین میں 2 اکتوبر تک وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ میرپور خاص، تھر پارکر، عمرکورٹ، سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔ 

اسی طرح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی 3 اکتوبر تک بارشیں متوقع ہیں۔ 

کراچی میں ڈپریشن کے زیرِ اثر چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث راشد منہاس روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کے 3 کھمبے گر گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اکتوبر تک سمندر میں بعض دفعہ انتہائی طغیانی رہ سکتی ہے، ماہی گیر 3 اکتوبر تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں، بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد، دادو میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ 

اسی طرح لسبیلہ، سومیانی، اورماڑا، پسنی، گوادر، تربیت اور جیوانی میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ بتایا گیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کے باعث کمزور عمارتوں کو نقصان کا خطرہ رہے گا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ہے، شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، شہر بھر میں صبح سے بادلوں کا راج تھا، اس وقت تیز ہوائیں چل رہی ہیں جن کی وجہ سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پچھلے 12 گھنٹے کے دوران ڈپریشن کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم شدت اختیار کرکے 12 سے 18 گھنٹوں میں سائیکلونک اسٹارم بن سکتا ہے۔

طوفان کی سمت مغرب اور شمال مغرب کی جانب بتائی جارہی ہے جبکہ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ڈپریشن کراچی کے مشرق اور جنوب مشرق سے 240 کلو میٹر دور ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن ٹھٹھہ سے 200 اور اورماڑہ سے 410 کلومیٹر دور ہے۔

سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز جھکڑ، طوفانی بارشوں کا امکان بتایا جارہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.