اسلام آباد سے سینیٹ کا الیکشن جیتنے والے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینے کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کو فریق بنانے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن میں الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کی۔
فرخ حبیب نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکا جائے، پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل علی ظفر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
وکیل علی ظفر نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی تعداد 160 اور حکومت کی 180 ہے، سینیٹ الیکشن میں کرپشن نہ ہوتی توعددی لحاظ سے عبدالحفیظ شیخ سینیٹ الیکشن جیت جاتے۔
انہوں نے کہا کہ قبل از انتخابات ووٹ خریدے جارہے تھے، پارٹی ٹکٹ آفر کیے جارہے تھے، پیسے آفر کیے جا رہے تھے، الیکشن سے ایک دن قبل جو چیزیں سامنے آئیں اس سے واضح تھا کہ کرپشن ہو رہی ہے۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ 2 مارچ کو سامنے آنے والی ویڈیو میں امیدوار کا بیٹا علی حیدر رشوت دیتے اور ووٹ خریدتے دیکھا گیا، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ علی حیدر ممبران کو کہہ رہے ہیں کہ اپنا ووٹ کینسل کر دیں۔
الطاف ابراہیم قریشی نے سوال کیا کہ جن افراد سےڈیل ہورہی ہے، جو ویڈیو میں ہیں آپ ان کو جانتے ہیں؟کیا ضروری نہیں تھا کہ ویڈیو میں موجود افراد کو آپ جوابدہ بناتے؟، ان افراد کوالیکشن کمیشن چہروں سے نہیں جانتا۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ ان افراد کو جوابدہ نہیں بنانا چاہیے تھا، اس پر الطاف ابراہم قریشی نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ وہ افراد پیسے لے رہے ہیں، جن افراد نے پیسے لیے ان کا بیان حلفی تو درخواست کے ساتھ آجانا چاہیے تھا، ملوث افراد کے بیان تو آتے کہ انہیں واقعی آفر ہوئی تھی۔
الطاف ابراہم قریشی نے کہا کہ رشوت دینے اور لینے والے دونوں ملوث ہیں، ایسا نہیں کہ صرف رشوت دینے والے کو فریق بنائیں۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ جب ویڈیو سامنے آئی تو الیکشن کمیشن نے بھی معاملے کا از خود نوٹس لیا، الطاف ابراہیم نے کہا کہ ہم نے تو کوئی نوٹس نہیں لیا تھا ۔
الطاف ابراہم قریشی نے کہا کہ جن افراد کے درمیان لین دین ہے ، اسے ثابت کر دیں تو سب کے خلاف کاروائی بنتی ہے، آپ درخواست کو درست تیار کرکے لائیں ، مواد لائیں ، ہم کیوں ایکشن نہیں لیں گے، یہ نہیں کہ جس نے پیسے لئے وہ کھلم کھلا پھرے ۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ ویڈیو آتے ساتھ ہی ہم نے درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی، اس درخواست پر ابھی تک نوٹس نہیں ہوا ، تین مارچ کو الیکشن ہو گیا ، امیدوار کو بارہ اضافی ووٹ مل گئے ۔ امیدوار کا بیٹا یہ اپنے لیے نہیں ، اپنے والد جو امیدوار ہے اس کے لئے کر رہا ہے۔
الطاف ابراہم قریشی نے کہا کہ جنھوں نے خرید و فروخت کی انھیں آپ جوابدہ بنائیں، آپ ان افراد کو لانے سے گھبرا کیوں رہے ہیں ، فراخ دلی کا مظاہرہ کریں انھیں کمیشن لائیں جو مستفید ہوئے، درخواست پر ان افراد کے نام لکھیں انھیں جواب دہ بنائیں ۔
علی ظفر نے کہا کہ مریم نواز نے تقریر میں کہا کہ پیسہ نہیں مسلم لیگ کی ٹکٹ چلی ہے، الطاف ابراہیم نے کہا کہ انھوں نے یہ کہا کہ ٹکٹ چلا ، یہ نہیں کہا کہ ٹکٹ دیں گے، یہ بیان تو کسی رنگ میں چل سکتا ہے۔
الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ انصاف وہ نہیں ہوتا جو آپ کے حق میں ہو ، ہم چاہتے ہیں انصاف ایسا ہو جو نظر آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی یہ درخواست واپس لیں ، نئی درخواست لائیں، آئین نے جو بتایا ہے اس سے پرے نہیں جائیں گے، ترمیم شدہ درخواست دائر کریں۔
Comments are closed.