اسرائیلی فوج کے ٹینک سے عام شہری کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
فلسطینی صحافی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسرائیلی ٹینک کی جانب سے شہری کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی ویڈیو شیئر کی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سڑک سے گزرنے والی گاڑی پر اسرائیلی فوج کے ٹینک کا گولہ لگنے کے بعد وہ مکمل تباہ ہوگئی۔
دوسری جانب غزہ کے محصور اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے مسلسل 23 ویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار306 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ سٹی کے القدس اسپتال کو خالی کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے، القدس اسپتال کے اطراف میں کئی میزائل حملے کیے گئے ہیں دھماکے سے اسپتال کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
القدس اسپتال میں مریضوں اور زخمیوں کے ساتھ ہزاروں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں ۔
اسرائیلی فوج کے غزہ میں زمینی آپریشن کرنے کے دعوے پر امریکی میڈیا نے بھی سوال اٹھا دیے ہیں، سی این این نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں بمشکل دو کلو میٹر تک ہی اندر داخل ہوئی تھی۔
حماس حکومت کے رہنما سلامہ معروف نے کہا ہے کہ اسرائیلی ٹینکس مضافات سے ہی واپس چلے گئے، آبادی میں داخل نہیں ہو سکے ہیں۔
غزہ کی صلاح الدین اسٹریٹ پر اسرائیلی ٹینکس اور بلڈوزرز نے دو سویلین کاروں کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد سے غزہ کے صلاح الدین روڈ پر کوئی فوجی نقل و حرکت نہیں ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے درجنوں جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کی ایک عمارت میں چھپے 20 حماس جنگجوؤں کو زمینی فوج کی نشاندہی پر فضا سے نشانہ بنایا ہے، گزشتہ چند روز میں حماس کے 600 ٹھکانوں پر حملے کیے گئے۔
Comments are closed.