قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ماضی کے جھروکوں میں جھانکتے ہوئے سابق کھلاڑی، حالیہ معروف سیاست دان عمران خان کا ایک یاد گار اور دلچسپ قصہ سنایا ہے۔
سوئنگ کے سلطان اپنی حسِ مزاح سے متعلق تو خوب شہرت رکھتے ہیں اور اُن کے قصہ سنانے کی صلاحیتوں سے بھی ہر مداح واقف ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک انٹرویو کے دوران وسیم اکرم نے ماضی کی ایک اور یاد تازہ کی ہے اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق انکشافات بھی کیے ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ یہ قصہ 1988ء میں گیانا ٹیسٹ میچز کا ہے، عمران خان نے مجھے اور اعجاز کو نائٹ کلب جانے کا کہا اور ہم عمران خان کے ساتھ چل دیے۔
وسیم اکرم نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنی زندگی میں کبھی شراب نہیں پی ہے، عمران خان نے نائٹ کلب کے بار میں پہنچ کر دودھ کا آرڈر دیا اور مجھے اور اعجاز کو حیرانی اس بات کی ہوئی کہ عمران خان کو بار میں دودھ مل بھی گیا۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ اس کے بعد صرف لڑکیوں کی ایک قطار تھی جو عمران خان سے ہاتھ ملانے کی خواہشمند تھی اور عمران خان نے اُن سے ہاتھ ملایا بھی، مجھے یہ سب بہت خوشگوار لگا۔
وسیم اکرم کا انٹرویو کے دوران عمران خان کی شخصیت پربات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان جہاں بھی جاتے تھے اِن کی طلسماتی شخصیت لڑکیوں کو اپنی جانب مبذول کروا لیتی تھی، عمران خان آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ ہیں، اچھی گفتگو کرسکتے ہیں اور اس کے ساتھ وہ ہینڈسم بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار ہوتا تھا۔
وسیم اکرم نے ایک اور دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ گیانا ٹیسٹ سیریز کے میچز کے دوران ایک دن عمران خان مجھے اور اعجاز کو اپنی ایک خاتون دوست کے ہمراہ نجی جہاز کے ذریعے ایک جزیرے پر لے گئے، عمران خان ہمیں اس جزیرے پر اکیلا چھوڑ کر خود اپنی خاتون دوست کے ساتھ اُن کے گھر چلے گئے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ’اس صورتحال میں، میں اور اعجاز نے ایک دوسرے کی جانب دیکھا کہ اب ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ ہم جنوبی امریکا کے ایک جزیرے پر تھے، ہمیں یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ اب ہوٹل واپس کیسے جائیں گے‘۔
انہوں نے بتایا کہ جزیرے پر چند اور بھی لڑکے موجود تھے اور وہ ہمیں پہچانتے تھے، اُن لڑکوں نے ہمیں بذریعہ کشتی ہوٹل تک پہنچنے کی پیشکش کی تھی۔
Comments are closed.