وزیراعظم عمران خان نے نیو بالاکوٹ سٹی منصوبے ایرا سے لے کر سیاحتی مقام کے طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیو بالاکوٹ سٹی کو سیاحتی مرکز بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیو بالاکوٹ سٹی کی ترقی خیبر پختونخوا حکومت کی ذمہ داری ہے، خیبر پختونخوا حکومت پہلے ہی اس مقصد کے لیے زمین حاصل کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں یوتھ ہاسٹل، تھیم پارک، کیمپنگ گراؤنڈ اور تھری اسٹار ہوٹل شامل ہوں گے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے پہاڑی علاقوں میں نئے سیاحتی مقامات بنا رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نجی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ نیو بالاکوٹ سٹی منصوبے ایرا سے لے کر سیاحتی مقام کے طور پر مکمل کریں، غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے زیر کاشت اراضی کو منصوبے میں شامل نہ کیا جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیو بالاکوٹ سٹی کو بطور سیاحتی مرکز ترقی دینے کی فزیبیلیٹی مکمل کرلی، نیو بالاکوٹ سٹی بطور سیاحتی مرکز منصوبہ 19.5 ارب روپے میں بنے گا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے میں 6753 میں سے 63 فیصد رہائشی پلاٹ مقامی متاثرین کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ 2480 رہائشی اور 575 کمرشل پلاٹس کے علاوہ 800 اپارٹمنٹس نیلام کیے جائیں گے۔
Comments are closed.