وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کےلیے اوورسیز پاکستانیوں کی مدد حاصل کریں، پورا یقین ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی مدد سے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا جاسکتا ہے۔
یہ بات جاپان میں موجود سینئر لیگی رہنما اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت رانا خالد اکرم نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے خصوصی خطاب کریں اور ان سے صرف ایک ہزار ڈالر فی کس بینکنگ چینل سے پاکستان کے لیے پاکستان میں اپنے ہی اہل خانہ کو بھجوانے کی درخواست کریں۔
رانا خالد اکرم نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں ایک کروڑ پاکستانی مقیم ہیں اگر صرف ایک لاکھ پاکستانیوں نے بھی کم از کم ایک ہزار ڈالر وزیر اعظم کی درخواست پر پاکستان بھجوادیے تو پاکستان کو 10 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہو جائے گا جس سے پاکستان باآسانی معاشی بحران سے نکل آئے گا۔ جس کے بعد ہمیں صرف ایک ایک ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف سمیت دیگر دوست ممالک کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانے پڑیں گے۔
رانا خالد اکرم نے کہا کہ اس وقت بھی ملک اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سالانہ 30 سے 32 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھجوائے جانے کی وجہ سے ہی معاشی طور پر قائم ہے تاہم ان اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاکستان میں کوئی سہولت موجود نہیں ہے۔ لیکن پھر بھی ملک کا درد رکھنے والے یہ پاکستانی اپنے وزیر اعظم کی درخواست کو رد نہیں کریں گے۔
رانا خالد اکرم کے مطابق اس وقت بھی بیرون ملک میں ن لیگ سب سے مقبول جماعت اور میاں نواز شریف سب سے مقبول لیڈر ہیں اور یقین ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہی پاکستان معاشی بحران سے نکلے گا۔
Comments are closed.