وزیرِ اعظم شہباز شریف 1 روزہ دورے پر اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے، وہ ٹیکسپو کے نام سے ہونے والی ٹیکسٹائل ایکسپو کا افتتاح کرنے کراچی ایئر پورٹ سے ایکسپو سینٹر پہنچے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کریں گے۔
کراچی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سرمایہ کاروں کے وفد سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس ملاقات کے دوران وہ آئندہ بجٹ کے سلسلے میں سرمایہ کاروں کی تجاویز بھی سنیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے 4 کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی 3 روزہ ٹیکسٹائل نمائش ٹیکسپو 2023ء آج سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے۔
ٹیکسپو میں 300 سے زائد نمائش کنندگان، معروف ڈیزائنرز اور ماہرین شرکت کریں گے۔
نمائش میں پاکستانی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی صنعت کو پیش کیا جائے گا۔
آسٹریلیا، بنگلا دیش، بیلجیئم، چین، جاپان، کولمبیا اور مصر ٹیکسپو میں شرکت کریں گے۔
فرانس، جرمنی، ایران اور 48 غیر روایتی مارکیٹوں سے خریدار ٹیکسپو میں شریک ہوں گے۔
ٹیڈاپ کے سی ای او زبیر موتی والا کا اس ضمن میں ایک بیان میں کہنا ہے کہ ٹیکسپو میں شریک تمام مندوبین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ نمائش پاکستانی ٹیکسٹائل اور لیڈر شعبے کی صلاحیت اجاگر کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیکسپو 2023ء کے آخری 2 روز فیشن شوز کا انعقاد بھی ہو گا، نمائش کے پہلے روز گورنر ہاؤس کراچی میں ثقافتی شو منعقد ہو گا۔
سی ای او ٹیڈاپ زبیر موتی والا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیکسپو 2023ء پائیدار فیشن اور ٹیکسٹائل کی ایک دلچسپ نمائش اور میلہ ثابت ہو گا۔
Comments are closed.