
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے خلاف اپیل کیلئے فل بینچ تشکیل دے دیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے 5 رکنی فل بینچ تشکیل دیا ہے، جسٹس صداقت علی خان 5 رکنی فل بینچ کے سربراہ ہوں گے۔
بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شاہد جمیل خان ،جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے چیف جسٹس سے فل بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔
واضح رہے کہ حمزہ شہباز سے حلف کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو نامزد کرنے کا سنگل بینچ کا فیصلہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے چیلنج کیا ہے۔
یاد رہے کہ حمزہ شہباز نے 30 اپریل کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کاحلف اٹھایا، حمزہ شہباز پنجاب کے 21 ویں وزیرِ اعلیٰ بن گئے۔
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور مار دھاڑ کے بعد ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے۔
تحریک انصاف اور ق لیگ کے بائیکاٹ کے بعد ایوان میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوا تو حمزہ شہباز کو 197 ووٹ پڑے جبکہ پرویز الہٰی کو کوئی ووٹ نہیں پڑا تھا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان نے ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کرکے تشدد کیا تھا، پرویز الٰہی بھی جوابی حملے میں زخمی ہوئے تھے۔
Comments are closed.