وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر کی مردم شماری درست نہ ہونے کا اعتراف کیا گیا ہے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کی مردم شماری درست نہیں کی گئی، ہم نے مردم شماری کا معاملہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا تھا، مردم شماری کو 29 مئی کوچیلنج کیا تھا، سندھ کی آبادی درست طریقے سے اعداد و شمار میں نہیں لکھی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت کے جانے کا وقت ہو گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے، وزیراعظم عمران خان جلد چلےجائیں گے، یہ نااہل لوگ آئین کی پاسداری نہیں کر رہے، نااہل لوگ جو آئین کی پاسداری نہیں کرتے وہ ملک کیا چلائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالات کی تبدیلی کی خبریں کراچی تک سن رہے ہیں، اسلام آباد کی ہوائیں کراچی تک محسوس ہو رہی ہیں، سندھ کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے، وزیراعظم عمران خان کے دور میں یہ بچگانہ حرکتیں دیکھ رہیں ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ حرکتیں نہ پہلے سنی نہ دیکھیں جو ماحول پیدا کیا گیا ہے، عمران خان حکومت کے آخری دن ہیں، صحافیوں کو کُٹ لگانےکی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔
مراد علی شاہ نے موجودہ حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نااہل کم عقل اور ناسمجھ لوگوں کا مجموعہ حکومت میں جمع ہوگیا ہے، اگرکوئی صوبے میں صحیح کام کر رہا ہےتو وفاق ان افسران کو صوبے میں سےنکال دیتا ہے، موجودہ حکومت کو آئین کی کوئی سمجھ نہیں، جب حکومت کو پریشانی ہوتی ہے تو یہ اِدھر اُدھر سے لوگوں کو بلا لیتے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو دیکھ کر یہی سمجھ آتا ہےکہ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے، کمزور دل کے لوگ سیاست میں نہیں آسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں عدلیہ، بیوروکریسی اور سول سروس میں بھی لوگ نہیں آئیں گے، نیب قانون کے بارے میں تشویش ذہنوں میں آئی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فروری سے لے کر اب تک بارویں بار نیب عدالت آ چکا ہوں۔
میڈیا ٹاک کے دوران ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ زرداری نے کہا کہ حکومت جانے والی ہے، کیا پیپلزپارٹی کو اشارے مل رہے ہیں؟
جس کا جواب دیتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلکل اشارے مل رہے ہیں، آپ بھی اشارے دے رہیں ہیں ہر آدمی اشارہ دے رہا ہے، ہمیں لوگوں سے اشارے مل رہے ہیں کہ بھائی ان سے ہماری جان چھڑاؤ، پیپلزپارٹی اپنے ووٹرز اور عوام کے اشارے پر چلتی ہے، فون کالز آ رہی ہیں جا رہی ہیں کہ ہمیں بچاؤ۔
Comments are closed.