وزیراعظم عمران خان نے کمیونسٹ پارٹی کے صدسالہ جشن پر چین کے صدر کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے نام بھی مبارکباد کا پیغام بھیجتے ہوئے پاک چین دوستی کے فروغ کیلئے کمیونسٹ پارٹی کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے عوامی فلاح کیلئے کمیونسٹ پارٹی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی نے دنیا کی تاریخ پر دوررس اثرات مرتب کیے کمیونسٹ پارٹی کی قربانیوں کی بدولت چین آزاد ہوا۔
گزشتہ روز چینی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ ہمیشہ سے خاص تعلقات رہے ہیں، چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، خطے میں بڑی طاقتوں کے درمیان عجیب کشمکش جاری ہے، امریکا چین کو لے کرتشویش میں ہے، امریکا نے چین کے خلاف علاقائی اتحاد قائم کیا ہے، امریکا نے بھارت اور 2مزید ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں ایک اتحاد بنایا ہے، کسی بھی دباؤ کی صورت میں چین سے پاکستان کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکا اور چین میں مخاصمت بڑھ رہی ہے جبکہ امریکا اور یورپی ممالک چاہتے ہیں کہ ہم کسی ایک گروپ کا ساتھ دیں، ہمیں کسی کے گروپ میں جانے کی ضرورت نہیں بلکہ ہم سب کے ساتھ تعلق رکھنا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.