وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عرب امارات تعلقات مزید مستحکم کرنے اور تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کے معاشی پہلوؤں کو مزید تقویت دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس کے تحت تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی، بنیادی ڈھانچے، خوراک کے تحفظ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اہم شراکت داری کو مزید گہرا او ر وسیع بنانے کے لیے اماراتی قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور جغرافیائی حیثیت پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں تارکین وطن پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا جو دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط پل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر اماراتی سفیر نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے۔
Comments are closed.