وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک دو روز میں وزیراعظم شہباز شریف قوم سے خطاب کریں گے۔
اسلام آباد میں وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی پریس کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وزارت خارجہ کا حلف نہ اٹھانے کی وضاحت کردی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو آج رات جارہے ہیں، مل کر آجائیں گے اور حلف لے لیں گے جبکہ ایک دو روز میں وزیراعظم شہباز شریف قوم سے خطاب کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ تنقید دل سے قبول کریں گے، انتخابات پاکستان کے عوام کا حق ہے اور جمہوریت کی روح ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ ہمارے پچھلے دور میں منظور ہوا تھا، اس پر کمیشن قائم کریں گے تاکہ وہ اپنا کام شروع کرسکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 10 سال شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب رہے، میڈیا پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ جس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے، اس وقت پاناما لیکس کے حوالے سے ٹاک شوز ہوئے تھے، پیمرا نے ایک بھی نوٹس جاری نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ تنقید کی جائے جو ہماری رہنمائی کے لئے ہو، ہم میڈیا کی رہنمائی سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم کسی سیاسی مخالف کے خلاف بدبودار احتساب کی روایت نہیں رکھیں گے، جن لوگوں نے اختیارات کا غلط استعمال کیا، ان کے لئے قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
Comments are closed.