وزیراعظم شہباز شریف آج ترکی کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی صدر رجب طیب اردوان سے وَن آن وَن ملاقات ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور ترک صدر دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے مشترکہ خطاب کریں گے۔ ترک صدر اردوان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
صدر اردوان اور وزیراعظم مشترکہ طور پر یادگاری نشان بھی جاری کریں گے۔ ترکی کے خارجہ امور، تجارت اور صحت کے وزراء بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق معروف ترک کمپنیوں کے سربراہ بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم کے دورے کی مناسبت سے پاکستانی کاروباری شخصیات بھی ترکی روانہ ہورہی ہیں جبکہ وزراء، معاونین خصوصی اور اعلیٰ حکام بھی ہمراہ ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رواں برس پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔
Comments are closed.