اسلام آباد: وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے نام پر آج کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، جس کے بعد اس سلسلے میں کل ایک بار پھر مشاورت کا دور ہوگا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف راجا ریاض کو باضابطہ خط لکھ کر مشاورت کی دعوت دی تھی، جس پر وہ ملنے آئے۔ دونوں نے نگراں وزیراعظم کے لیے تین تین نام سامنے رکھے، تاہم حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ اور امریکا میں سابق پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ دیگر ناموں میں صادق سنجرانی، حفیظ شیخ، میاں محمد سومرو اور فواد حسن فواد کے نام شامل ہیں۔
قومی اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے پاس 3 دن کا وقت ہے اور اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد ہوگا۔
Comments are closed.