اسلام آ باد: وفاقی حکومت نے وزیرآباد واقعے کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر وزیر آباد میں حملے کی تحقیقات اب دوبارہ ہوں گی، پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کے اختلافات اور تنازعات کے ساتھ ملزم نوید کے وکیل کے اعتراضات کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔
تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد تشکیل دی گئی ہے، اور اس حوالے سے وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کے کنونئیر آئی جی ریلوے را سردار علی خان ہوں گے، جب کہ ڈی آئی جی پنجاب پولیس کامران عادل، اور آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
اس سے قبل صوبائی حکومت چار بار جے آئی ٹی ٹیم میں تبدیلی کرچکی ہے۔ تحقیقات کرنے والی ٹیم کے چار ارکان نے صوبائی جے آئی ٹی کے کنونئیر غلام محمود ڈوگر سے اختلاف کیا تھا جس پر ارکان کو ہی بدل دیا گیا اور کنونئیر غلام محمود ڈوگر برقرار رہے۔
Comments are closed.