پیر 30؍ جمادی الثانی 1444ھ 23؍ جنوری 2023ء

نیشنل گرڈ میں خرابی، ملک بھرمیں بجلی کی فراہمی معطل

اسلام آباد: نیشنل گرڈ میں خرابی ، ملک کے بڑے شہروں میں بجلی کا بریک ڈاون ہو گیا جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی مکمل فراہمی میں 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ وزارت توانائی نے بیان میں کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح 7:34 پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئی جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاون ہوا۔سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے۔وارسک سے گرڈ سٹیشنوں کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان وزارت ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے میں اسلام آباد سپلائی کمپنی اور پشاور سپلائی کمپنی کے محدود تعداد میں گرڈ بحال کر دئے گئے ۔خرابی این ٹی ڈی سی کی گدو سے بلوچستان جانے والی لائن میں پیدا ہوئی ۔

بریک ڈاون سے پورے ملک میں بجلی کی سپلائی معطل ہوئی ہے۔ لیسکو میں بھی تمام گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائن اور پاور پلانٹ کے درمیان رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوئینسی کم ہوئی جس کے باعث کیسکیڈنگ ہوئی اور ایک کے بعد ایک پاور پلانٹ ٹرپ ہوگئے۔بجلی معطلی کی دیگر وجوہات اور مسائل کا تعین کیا جارہا ہے۔ پاور پلانٹس بند ہونے سے صوبہ سندھ کے اضلاع ، جنوبی پنجاب ، سیبٹرل پنجاب ، لیسکو کے زیادہ تر علاقے اور آئیسکو ریجن کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی بند ہے۔بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کے الیکٹرک کو ملنے والی بجلی بھی بند ہوگئی جس سے ائیرپورٹ پر کام کرنے والے نظام میں بھی خلل پڑا۔ کراچی کے جناح ٹرمینل ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کے اہم مقامات پر جینریٹر چلا کر بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔

You might also like

Comments are closed.