آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کیلئے اگر مگر کا سلسلہ اب بھی برقرار ہے، پاکستان کی ٹیم چار میچز ہار کر بھی ٹورنامنٹ سے آؤٹ نہیں ہوئی تاہم اس کی ساری امیدیں اب دیگر ٹیموں کے نتائج سے بھی جڑ گئی ہیں۔
سیمی فائنل تک رسائی کیلئے سب سے پہلے تو پاکستان کو اپنے بقیہ تینوں میچز جیتنے ہیں اور وہ بھی اچھے مارجن سے جیتنے ہیں۔
پاکستان کو ٹورنامنٹ میں اب بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے میچز کھیلنا ہیں۔
اپنے میچز جیتنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقا اور سری لنکا سے بھی ہار جائے۔
اگر ایسا ہی ہوا تو پھر پاکستان کے 10 پوائنٹس ہوجائیں گے اور نیوزی لینڈ کے 8 پوائنٹس رہیں گے۔
لیکن ساتھ ساتھ دوسری جانب سری لنکا کے رزلٹ بھی پاکستان کی نظروں میں رہیں گے۔ سری لنکا کو اب افغانستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے۔
پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دے مگر ساتھ ساتھ بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان میں سے صرف ایک ہی میچ جیتے، اگر سری لنکا بقیہ چار میں سے تین میچز جیتا تو اس کے بھی 10 پوائنٹس ہوجائیں گے۔
نیوزی لینڈ اگر تین میں سے ایک بھی میچ جیتا تو اس کے بھی 10 پوائنٹ ہوجائیں گے۔ ایسی صورتحال میں پاکستان کا کافی انحصار نیٹ رن ریٹ پر ہوجائے گا۔
ٹورنامنٹ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی امیدیں اب بھی برقرار ہے اور آخر تک اس آس کو زندہ رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان میچز میں بہادری کا مظاہرہ کرے کیوں کہ قسمت بھی بہادروں کا ہی ساتھ دیتی ہے۔
Comments are closed.