جمعرات 10؍ربیع الثانی 1445ھ26؍اکتوبر 2023ء

ورلڈکپ: انگلینڈ 156 پر ڈھیر، سری لنکا کو جیت کیلئے آسان ہدف

ورلڈ کپ کے 25ویں میچ میں انگلینڈ ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے ساتھ ہی سری لنکا کو جیت کےلیے 157 رنز کا آسان ہدف ملا ہے۔ 

بنگلور میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم یہ پارٹنر شپ 6.3 اوورز تک قائم رہی۔

 انگلینڈ کی پہلی وکٹ 45 رنز پر گری جس کے بعد وقفے وقفے سے مزید 6 وکٹیں 25.5 اوورز میں 123 رنز پر گر گئیں۔

وکٹ کی ایک جانب بین اسٹوکس نے ٹیم کو سنبھالا لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری انگلش ٹیم 34ویں اوور میں 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ 

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے جبکہ جونی بیئرسٹو نے 30 اور ڈیوڈ ملان نے 28 رنز کی اننگز کھیلیں۔ علاوہ ازیں معین علی نے 15 اور ڈیوڈ ویلی نے 14 رنز بنائے۔ 

سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اینجیلو میتھیوس اور کاسن رجیتھا نے دو دو جبکہ مہیش ٹھیکشنا نے ایک وکٹ لی۔ 

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا تھا کہ وکٹ اچھی ہے، پچ میں نمی ہے، یہ بیٹنگ کے لیے سازگار رہے گی۔

جوز بٹلر نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔

اس موقع پر سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔

دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ میں اب تک چار چار میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں نے ایک ایک میچ ہی جیتا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سری لنکا ساتویں اور انگلینڈ آٹھویں نمبر پر ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.