پیر14؍ربیع الثانی 1445ھ30؍اکتوبر 2023ء

ورلڈکپ: آسٹریلیا کا نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 400 رنز کا ہدف

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو جیت کےلیے 400 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

نئی دہلی میں کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلیا کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں 28 رنز پر گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے پارٹنر شپ قائم کی اور اسکور 160 رنز تک پہنچایا۔

اس کے بعد 23.3 اوورز میں آسٹریلیا کی دوسری وکٹ گری جب اسٹیو اسمتھ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کے درمیان 84 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ لبوشین 62 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ 

جوش انگلس 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ انکے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیوڈ وارنر تھے جنہوں نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ کیمرون گرین کی صورت میں گری جب وہ 290 کے مجموعے پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 

اس کے بعد گلین میکس ویل نے نیدرلینڈز کے بولرز کو ترنوالہ بناتے ہوئے 40 گیندوں پر سنچری جڑ دی۔ ساتویں وکٹ پر 44 گیندوں پر 103 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس میں میکس ویل کے 93 رنز شامل تھے۔  

گلین میکس ویل 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیل کر آخر اوور میں آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 399 رنز بنائے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگان وین بیک نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ باس ڈی لیڈے نے دو اور آریان دت نے ایک وکٹ لی۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، مارک اسٹوئنس میچ نہیں کھیلیں گے، کیمرون گرین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں چار چار میچز کھیل چکی ہیں، آسٹریلیا نے دو جبکہ نیدر لینڈز نے ایک میچ جیتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.