ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ کے روسی ویندر ڈوسن نے 51 گیندوں پر شاندار سنچری بناکر اپنی ٹیم کو جیت دلوائی۔
ابوظبی میں ہونے والے اس پریکٹس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا محتاط آغاز کیا تاہم دونوں بالترتیب 15 اور 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان نے ایک جانب اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور 28 گیندوں پر 52 رنز کے ساتھ ٹیم کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد حفیظ 13 اور شعیب ملک 28 رنز کی باری کھیل سکے، تاہم اننگز کے اختتامی لمحات میں آصف علی کے برق رفتار 32 رنز نے ٹیم کے ٹوٹل کو 186 تک پہنچایا۔
جنوبی افریقہ کے ہدف کے تعاقب میں عماد وسیم نے ابتدا میں 2 اہم وکٹیں لے کر حریف پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی۔
لیکن قومی بولرز روسی ویندر ڈوسن کو اس دباؤ میں لینے میں ناکام رہے، جنہوں نے 51 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کو اس وارم اپ میچ میں فتح دلوادی۔
ویندر ڈوسن کی اس اننگز میں 10 چوکوں کے ساتھ ساتھ 5 چھکے بھی شامل تھے، جبکہ ان کا ساتھ کپتان ٹیمبا باووما نے 42 رنز کے ساتھ دیا۔
اس پریکٹس میچ میں پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم 2، 2 وکٹیں لےکر نمایاں بولرز رہے، تاہم ٹیم کو جیت نہیں دلواسکے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں قومی ٹیم 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
Comments are closed.