نیم ایک سدا بہار قدیم درخت ہے جس کی عُمر دو سو سے پانچ سو سال تک ہوتی ہے، نیم کا درخت کم از کم 30سے 40 فٹ اونچا، گھنا اور سایہ دار ہوتا ہے، نیم کا درخت ماحول دوست ہے ، اس کے پتے صحت سے متعلق کئی شکایات سے نجات دلاتے ہیں اور اس کے تیل کے استعمال سے بھی بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
نیم کے درخت کو انسان دوست درخت بھی کہا جاتا ہے، یہ ماحولیاتی آلودگی دُور کرتا ہے، کہا جاتا ہے کہ جس گھر میں نیم کا درخت ہو وہاں کے مکین وبائی امراض سے خاصی حد تک محفوظ رہتے ہیں، اس کے پتے، پھول، پھل اور چھال ہر ایک کی الگ الگ افادیت ہے۔
مثلاً نیم کے پتے پانی میں اُبال کر نہانے سے جِلدی امراض سے شفا ملتی ہے جبکہ اس کے پتّے جلا کر گھر میں دھونی دینے سے مچھر ختم ہوجاتے ہیں اور ڈینگی، ملیریا سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
نیم کی مسواک کا استعمال دانتوں کو کیڑا لگنے سے محفوظ رکھتی ،ہے نیم کی چھال کا جوشاندہ بخار کے لیے اکسیر دوا قرار دیا جاتا ہے۔
نیم کے پتوں سے تیار کردہ تیل کے چند فوائد مندرجہ ذیل ہیں:
نیم کے تیل سے بالوں کی جڑوں میں مساج کرنے سر سے جوؤں اور لیکھوں کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے، اگر بال بہت زیادہ جھڑ رہے ہوں تو شیمپو کرنے کے بعد آخر میں نیم کے اُبلے ہوئے ٹھنڈے پانی سے بال دھولیں، نیم کا پانی بھی بالوں کی جڑیں مضبوط کرتا ہے۔
بال لمبے اور گھنے کرنے کے لیے نیم کے تیل میں تھوڑا سا زیتون کا تیل مِکس کرکے بالوں میں لگانے سے بال تیزی سے گھنے اور لمبے ہوتے ہیں ، بالوں کی رونق بحال ہوتی ہے اور روکھا پن ختم ہو جاتا ہے۔
نیم کا تیل بالوں کی خشکی دُور کر کے اِنہیں چمک دار بھی بناتا ہے۔
چہرے کے نکھار کے لیے نیم کے تیل کے ایک سے دو قطرے ہتھیلی میں لیں اور دو سے تین قطرے پانی کے بھی شامل کر کے اس محلول سے چہرے کی مساج کریں، یہ عمل ہر ہفتے میں ایک دن ضرور دہرائیں، چہرے سے داغ، دھبے، جھائیاں، ایکنی اور کیل مہاسوں کی شکایت دور ہو جائے گی۔
حساس اور بلیک ہیڈز والی اسکن کے لیے نیم کا تیل بہترین علاج ہے، نیم کے تیل کے دو تین قطرے پانی میں حل کر کے بلیک ہیڈز پر لگائیں، روزانہ کے استعمال سے بلیک ہیڈز جھڑ جائیں گے اور دوبارہ نہیں ہوں گے۔
نیم کے تیل کے استعمال سے چہرے کی جلد با رونق اور شاداب نظر آتی ہے۔
نیم کا تیل قدرتی طور پر جراثیم کش ہوتا ہے، اس کے زخم پر استعمال سے زخم تیزی سے بھرتا ہے اور خراب ہونے سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
بازار میں با آسانی دستیاب نیم کا تیل ناخنوں میں لگی فنگس اور انفیکشن کے خاتمے کا بھی سبب بنتا ہے۔
پاؤں سے آنے والی بدبو کے خاتمے کے لیے نیم کے تیل سے رات سونے سے قبل مساج کرنے سے حیرت انگیز نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
Comments are closed.