اتوار 16؍شوال المکرم 1444ھ7؍مئی 2023ء

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کروڑوں روپے مالیت کی ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کروڑوں روپے مالیت کی سنتھیٹک ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ٹرف بچھانے کا کام سست روی کا شکار ہے۔ لاہور میں آندھی کی وجہ سے ٹرف متعدد بار ادھر ادھر اڑ کر اکٹھی ہو چکی ہے جبکہ اسپورٹس بورڈ پنجاب (ایس بی پی) کا کہنا ہے کہ ٹرف ماہرین کی ہدایات کے مطابق بچھائی جا رہی ہے۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ٹرف بچھانے کا عمل سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کی ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ٹرف بچھانے کے کام کا افتتاح اپریل کے وسط میں مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کیا تھا، ٹرف گراؤنڈ میں پھیلا تو دی گئی لیکن اسے لیول کر کے چسپاں نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ٹرف آندھی آنے سے اکٹھی ہو جاتی ہے اور ایسا متعدد مرتبہ ہو چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے ٹرف کے خراب ہونے کا خدشہ ہے، اسٹیڈیم میں ٹرف کی تنصیب کا تخمینہ لگ بھگ 16 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

دوسری جانب اسپورٹس بورڈ پنجاب کا کہنا ہے کہ ٹرف ماہرین کی نگرانی میں ان کی ہدایت کے مطابق بچھائی جا رہی ہے، 10 سے 12 دنوں میں کام مکمل کر لیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.