نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں سینٹرل پنجاب نے سندھ کو 7 وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ اب خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان فائنل آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں سینٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سندھ کی ٹیم کے اوپنر خرم منظور 34 اور شرجیل خان نے 32 رنز بنائے۔
دونوں اوپنرز کے علاوہ دیگر بیٹرز خاص بیٹنگ نہ کرسکے۔ سہیل خان 21، میر حمزہ 19 اور رومان رئیس 14 رنز بناسکے۔ مقررہ اوورز میں سندھ 8 وکٹ پر 141 رنز بناسکی۔
سینٹرل پنجاب کے قاسم اکرم 3، وہاب ریاض اور ظفر گوہر نے دو-دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ اوپنر محمد اخلاق 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد احمد شہزاد نے 49 اور کامران اکمل نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو آسانی کے ساتھ فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
حسین طلعت 13 اور قاسم اکرم 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سینٹرل پنجاب نے ہدف 17.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔ قاسم اکرم پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔
سندھ کے بالر سہیل خان، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک-ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2021 کے پہلے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا نے ناردرن کو 5 وکٹ سے ہرا دیا تھا۔
Comments are closed.