پیر یکم ذیقعد 1444ھ 22؍مئی 2023ء

نیب کا کوئی فیوررٹ نہیں، کیسز قانون کے مطابق نمٹائے جائیں گے، چیئرمین نیب

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ اب کیسز قانون کے مطابق مقررہ معیاد کے مطابق نمٹائے جائیں گے، نیب کا کوئی فیورٹ نہیں ہے۔

نیب راولپنڈی آفس میں فراڈ کیسز کے متاثرین میں معاوضے کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین نیب نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب مکمل غیر سیاسی رہے گا اور قانون کے مطابق کام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں نیب کا ادارہ مختلف تنازعات کا حصہ رہا، ماضی میں نیب اصل کام پر توجہ مرکوز نا رکھ سکا، اس کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو کا بطور منصفانہ اور غیر جانبدار ادارہ امیج بحال کرنا ہے، کرپشن کے خاتمے کے لیے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کیسز قانون کے مطابق مقررہ معیاد کے مطابق نمٹائے جائیں گے، نیب کا کوئی فیورٹ نہیں ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے یہ بھی کہا کہ ادارہ صرف ایمانداری اور غیر جانبداری کے اصول پر سختی سے کام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیشی مرحلے کے دوران تمام ملزمان شائستگی اور تہذیب کے مستحق ہیں، ان کے ساتھ ویسا ہی سلوک برتیں جیسا اپنے لئے چاہتے ہیں۔

چیئرمین نیب نے اس موقع پر پودا بھی لگایا اور نیب راولپنڈی کے ملازمین کے ساتھ گروپ فوٹو سیشن میں شرکت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.