نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے میری نامزدگی حیران کن تھی، میڈیا پر خبریں چلنے پر گھر والوں نے فون کر کے وزیر اعلیٰ بننے کی اطلاع دی۔
جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ پرویز خٹک نے فون کر کے بتایا کہ آپ کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا ہے، کسی سے بات کی تھی نہ کسی نے پوچھا تھا۔
نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان نے کہا کہ میرا نام اکرم درانی نے تجویز کیا تھا، محمود خان اور پرویز خٹک نے عمران خان سے بھی مشاورت کی ہوگی۔
اعظم خان نے کہا کہ شفاف انتخابات کروانا میری اولین ترجیح ہے، کابینہ کے لیے گورنر اور دیگر لوگوں سے مشورہ کروں گا۔ تجربہ کار لوگوں کو نگراں کابینہ میں شامل کروں گا، کابینہ پالیسی کے مطابق بنائی جائے گی۔
نگراں وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں ہمارے حقوق پورے نہیں ہوئے، قبائلی اضلاع کے لیے فنڈز مختص ہوئے تھے وہ نہیں ملے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اربوں روپے کے صوبے کے بقایات جات کے حصول کی کوشش کروں گا۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی دوبارہ شروع ہوگئی ہے، پولیس اہلکار شہید ہو رہے ہیں۔
Comments are closed.