حکومت پاکستان نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے غیر ملکی جریدے میں آرٹیکل پر ردعمل دے دیا۔
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تحریر آرٹیکل کے بارے میں جریدے کے ایڈیٹر کو لکھا جائے گا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ یہ حیران کن اور پریشان کن ہے، معزز ادارے نے ایسے فرد کے نام سے مضمون شائع کیا جو جیل میں ہے، اسے سزا ہو چکی ہے، اخلاقی معیارات برقرار رکھنا اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جاننا چاہیں گے مضمون کی اشاعت کے حوالے سے ادارتی فیصلہ کیسے کیا گیا؟، مواد کی قانونی حیثیت اور اعتبار کے حوالے سے کن باتوں کو مدنظر رکھا؟
مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ کیا جریدے نے دنیا کے کسی اور حصے سے جیل میں بند سیاستدانوں کے گھوسٹ آرٹیکل شائع کیے ہیں؟ اگر جیل میں بند مجرم میڈیا کو لکھنے کیلئے آزاد ہوتے تو وہ اپنی یکطرفہ شکایات کو نشر کرنے کیلئے ہمیشہ اس موقع کا استعمال کرتے۔
Comments are closed.