سندھ اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کر کے 11 اگست کی رات تحلیل ہو جائے گی تاہم اس حوالے سے نگراں سیٹ اپ کے لئے مشاورت جاری ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نام سامنے لاچکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی سے نام کا انتظار ہے۔
جی ڈی اے سے صفدر عباسی، رئیس غلام مرتضیٰ جتوئی، فضل اللہ قریشی اور حسین عبداللہ ہارون کے نام دیے گئے ہیں جبکہ ایم کیو ایم نے سابق بیوروکریٹس یونس ڈھاگہ اور شعیب احمد صدیقی کے نام دیے ہیں۔
آئینی طور پر وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگراں وزیراعلیٰ کا حتمی نام دیا جائے گا تاہم اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی باقاعدہ مشاورت کا انتظار کیا جارہا ہے۔
کراچی میں 11 اگست کو سندھ اسمبلی کا آخری اجلاس اور فوٹو سیشن ہوگا اور اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر 3 روز میں نگراں سربراہ کے لیے اتفاق کریں گے۔
اتفاق نہ ہونے کی صورت میں پارلیمانی کمیٹی 2 روز میں نام فائنل کرے گی جبکہ پارلیمانی کمیٹی میں فیصلہ نہ ہونے پر الیکشن کمیشن 2 دن میں فیصلہ کرے گا۔
Comments are closed.