بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نویں تا بارہویں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، شفقت محمود

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ پنجاب ، خیبر پختونخوا اورآزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے جبکہ آئندہ ہونیوالے نویں تا بارہویں بورڈز کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہےکہ وزرائے تعلیم کے آج ہونے والے اس اہم اجلاس میں تفصیلی بحث ہوئی اور پنجاب کے بیشتر اضلاع بالخصوص لاہور میں کیسز کی صورتحال پر تشویشناک کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا اور آزادکشمیر کے چند ضلع میں بھی کورونا صورتحال خراب ہے رپورٹس پیش کی گئیں۔

دوسری جانب شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم 11اپریل تک صرف مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رہیں گے اور صوبائی حکومتیں فیصلہ کریں گی کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یا نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ پنجاب کےبعض اضلاع خصوصاً لاہور میں کورونا کا پھیلاؤ تشویشناک ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے کچھ اضلاع میں بھی کورونا کا پھیلاؤ ہے لیکن تعلیمی ادارے اساتذہ کو اس دوران کام کیلیے اسکول بلاسکتے ہیں کیونکہ تعلیمی ادارے بند ہونےسے بچوں کا نقصان ہوتاہے۔

شفقت محمود نے اسلام آباد میں 11 اپریل تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا صوبائی حکومت کو اختیار ہےکہ وہ متعلقہ اضلاع میں اسکول بند کرسکیں جبکہ بعض اضلاع میں تمام تر تعلیمی ادارے بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

واضح رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے 9 اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور جن شہروں میں تعلیمی اداروں کو کورونا کے پیش نظر بند کیا گیا تھا وہ بھی 11 اپریل تک بند رہیں گے جبکہ ان اضلاع میں اگر کسی قسم کا اضافہ کرنا ہے تو یہ صوبائی حکومت کی صوابدید ہوگی کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ این سی او سی کے اجلاس میں بورڈز کے امتحانات کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات صوبائی حکومتوں اور بورڈز کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہونگے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شکایت آئی ہیں کہ کچھ اکیڈمیز مکمل طورپر کھلی رہتی ہیں، قانون کی خلاف ورزی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تعلیمی ادارے کو سیل کیاجائےگا اور ہوسکتا ہے لائسنس کی معطل کردیا جائے۔

خیال رہے شفقت محمود کی سربراہی میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) میں ہوا،  اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے تھے  جبکہ گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر کے وزراء، اعلی حکام بھی شریک ہوئے تھے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان، پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہہ قمر اور چیئرمین ایچ ای سی بھی شریک تھے جبکہ صوبائی وزراء تعلیم ویڈو لنک سے اجلاس میں شریک ہوئے اور 7 اپریل کو صورتحال کاجائزہ  پھر لیں گے اور ضرورت پڑنے پر اس سے پہلے بھی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ این سی او سی کی کورونا ہدایات پر عمل کررہی ہے اور  شادی ہالز، دفاتر سیل کیے ہیں جبکہ ان ڈور سرگرمیاں بند کردی گئیں ہیں۔

وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ اس سال بغیر امتحان کے بچوں کو پاس نہیں کیا جائے گا، امتحان میں تاخیر تو ہوسکتی ہے، لیکن امتحانات ضرور ہوں گے جبکہ جہاں جہاں کورونا کی شرح کم ہوگی وہاں اسکول کھولیں گے۔

خیال رہے  کورونا کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے، شرح بھی بہت زیادہ ہے، اسلام آبادمیں گزشتہ روز بھی کورونا کی شرح 10 فیصد تھی۔

واضح رہے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ میں کل تک کورونا کی شرح 3 فیصد سے کم ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں کورونا کی شرح 2.8 فیصد ہے اور سندھ میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تاہم حالات کے مدنظر سندھ میں کئی مرتبہ تعلیمی پلان کو تبدیل کیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.