پیر 20؍شعبان المعظم 1444ھ13؍مارچ 2023ء

نواز شریف کے توشہ خانے سے گاڑی لینے کا علم نہیں: محسن رانجھا

مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے توشہ خانے سے گاڑی حاصل کرنے کا مجھے علم نہیں، انہوں نے توشہ خانے سے جو حاصل کیا وہ ڈکلیئر کیا۔

اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان ہر جگہ قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، عدالت کے وارنٹ پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد عمران خان کو گرفتار کیا جائے، عدالت میں سیکیورٹی اور پلاسٹر پر وقت ضائع کیا جاتا ہے، عمران خان نے چوری کی ہے، اب جواب دیں۔

اسلام آباد کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کے دوران ن لیگ کے رہنما اور مدعی مقدمہ محسن شاہ نواز رانجھا اور چیئرمین تحریکٍ انصاف کے وکیل بابر اعوان نے ایک دوسرے پر طنز کے تیر چلائے۔

محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان عدالت سے راہِ فرار اختیار کر رہے ہیں،انہوں نے ملک کی تباہی کی اور ظلم کیا، اپنے دورِ اقتدار میں ملک میں کوئی منصوبہ نہیں لگایا، عمران خان عدالت آئیں اور کارروائی کا حصہ بنیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نہ صادق ہیں، نہ امین، وہ چور ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں آ کر صادق و امین ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.