وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ مجھے نواز شریف سے ملنے کا شوق نہیں، 5 سال بعد مونس الہٰی کی فیملی سے ملنے لندن آیا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصہ ساتھ رہنے کے بعد انسان کو سیکھ جانا چاہیے، مجھے ان کے گھر کا بھی علم ہے ایک ایک شخص کا علم ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ سیلاب کے دوران شہباز شریف نے پنجاب کو ایک پیسہ نہیں دیا، ٹیلی تھون کے زریعے جمع ڈھائی ارب روپے سیلاب متاثرین کو دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو پیسے احساس پروگرام کے تحت دے رہے ہیں، ہمارے ساتھ ورلڈ بینک اور دوسرے ڈونر براہ راست بات کر رہے ہیں۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ نارکوٹکس کے حوالے سے ایک نیا قانون لا رہے ہیں، اس کی الگ سے ایک فورس بنا رہے ہیں، یہ فورس یقینی بنائے گی کہ اسکول ، کالجز میں منشیات کا استعمال نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ منشیات سے متعلق سخت قوانین لا رہے ہیں، عمر قید کی سزا بھی رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں پہلے میٹرک تک تعلیم فری کا اعلان کیا تھا اب بی اے تک تعلیم فری کا اعلان کیا ہے، جیل ریفارمز کیں، جیلوں میں کھانے کا بہترین انتظام کیا، پنجاب میں دو تین نئی جیلیں بھی بنا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں جس طرح رانا ثنا اللّٰہ نے گولیاں چلائیں امید ہے انہیں سزا ہوگی، رانا ثنا اللّٰہ کا اسمبلی میں بیان بھی عدالت کو دے رہے ہیں، اُس نے اسمبلی میں کہا کہ ریاست کے اندر ریاست بن رہی تھی۔
پرویز الہٰی نے بتایا کہ لانگ مارچ کے دوران رانا صاحب کو کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ملے گی، پنجاب، کے پی، جی بی، آزاد کشمیر میں عمران خان کی حکومت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ پنجاب کا لانگ مارچ سے متعلق بیان کوئی ایسی بات نہیں، لانگ مارچ کا وقت آئے گا تو جو عمران خان کہیں گے وہ کریں گے۔
Comments are closed.