وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر طلب گئے قومی اسمبلی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کو ہدف تنقید بنالیا۔
قومی اسمبلی اجلاس سے پالیسی خطاب میں نور الحق قادری نے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا محافظ پاکستان کا آئین و قانون ہے، اپوزیشن نے ایوان میں ایک گھنٹے کی بات کی یہ دو تین دن لے لیں۔
انہوں نے کہا کہ ایوان میں بیٹھے اراکین اور سڑکوں پر احتجاج کرنے والے پاکستانیوں کے طریقہ کار میں اختلاف ہوسکتا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ ہمارےمقصد اور منزل پر کوئی اختلاف نہیں، ناموس رسالت کا محافظ پاکستان کا آئین و قانون ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قرارداد کا پس منظر ہے جس کا اشارہ کرچکا ہوں، جس سے معاہد ہ ہوا، اس تنظیم میں شامل لوگ پاکستان کے شہری ہیں۔
نور الحق قادری نے یہ بھی کہا کہ اس تنظیم کی بہت سی مذہبی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے لئے بہترین سفارتکاری کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کے کونے کونے تک اسلام کا پیغام پہنچایا ہے، ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے ان کا گہرا تعلق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو تعلق عمران خان کا ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے ہے، وہ نہ کسی پیر کا ہے، نہ کسی مولوی کا ہے۔
نور الحق قادری نے کہا کہ مدینہ شریف میں ننگے پیر صرف عمران خان چلا ہے، ن لیگ کا ان کے دور حکومت میں اس معاملے پر طرز عمل دیکھ چکے ہیں۔
Comments are closed.