ناظم جوکھیو قتل کیس میں کراچی پولیس نے 7 ملزمان کے نام خارج کردیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی، پولیس کے جمع کرائے گئے حتمی چالان کی کاپی جیونیوز نے حاصل کرلی۔
چالان کے مطابق پولیس نے قتل کیس سے 7 ملزمان کے نام خارج کردیے ہیں، جن میں محمد خان، محمد اسحاق، سلیم سالار، محمد سومار، دودا جوکھیو، احمد خان اور عبدالرزاق کے نام شامل ہیں۔
چالان کے متن کے مطابق ملزمان جام اویس، جام کریم، میر علی، حیدر علی اور نیاز سالار قتل کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
پولیس چالان میں رکن قومی اسمبلی جام کریم، ملزم معراج، ملزم عطا محمد اور زاہد کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔
عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں کہا گیا کہ ملزم جمال نے مدعی مقدمہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
چالان کے متن کے مطابق ایک یو ایس بی، ایف آئی اے کے پاس ہے جو ملنے پر جمع کرائی جائے گی۔
چالان کے مطابق ناظم جوکھیو کو 3 نومبر کو جام ہاؤس کے اندر رات 3 سے 6 بجے کے درمیان قتل کیا گیا، مقتول کو اغواء کرنے اور اعانت جرم کے شواہد نہیں ملے۔
عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں کہا گیا کہ اغواء اور اعانت جرم کی دفعہ 365 اور 109 مقدمے سے خارج کردی ہیں جبکہ کیس میں مدعی کو دھمکیاں دینے کی دفعہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
چالان میں کہا گیا کہ ملزم معراج نے مدعی مقدمہ کو ناظم جوکھیو کی ہلاکت کی اطلاع دی، جام کریم نے اپنے ملازم معراج کے ذریعے پولیس کو جائے وقوعہ کی اطلاع دی۔
چالان کے متن کے مطابق مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ جھگڑے کے دوران ناظم جوکھیو فوت ہوگیا جبکہ کیس میں 17 گواہان کو شامل کیا گیا ہے۔
Comments are closed.