بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

میونسپل ٹیکس کی وصولی کا اعلان، شہریوں نے کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنا شروع کردیا

شہری حکومت کا ٹیکس، کے الیکٹرک کے بجلی کے بلوں میں وصول کرنے کے اعلان کے بعد سے شہریوں کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ 

شہر میں جن مقامات پر کچرا موجود ہے شہریوں نے کے الیکٹرک کے شکایتی مراکز اور 118 پر کال کر کے شکایت درج کروانا شروع کردی اور احتجاجاً کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنے کی مہم شروع کردی ہے۔ 

سوشل میڈیا پر یہ مہم زور پکڑ رہی ہے کہ شہری حکومت کا ٹیکس اگر کے الیکٹرک وصول کرے گی تو گھروں، گلیوں اور محلوں میں کچرا اٹھانے کے لیے کے ایم سی والے نہ آئیں تو شہری یہ کچرا اردگرد گزرتی کے الیکٹرک کی کسی بھی گاڑی میں ڈال دیں۔

اگر گاڑی نہ ملے تو پوری گلی کا کوڑا جمع کر کے قریبی کے الیکٹرک سینٹر کے باہر چھوڑ دیں چونکہ اب اگر کے ایم سی کا بل کے الیکٹرک وصول کرے گی تو کچرا بھی کے الیکٹرک کے ذریعے جانا چاہیے۔ 

ایسے میں کراچی کے ایک علاقے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کے الیکٹرک کی گاڑی علاقے میں پہنچتی ہے جہاں کچرا دان بھرا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ 

جس پر ایک شہری اس کچرا دان سے کچرے کے شاپر اٹھا کر کے الیکٹرک کی گاڑی میں ڈالنا شروع کر دیتا ہے۔

اس دوران کے الیکٹرک کی گاڑی کا انچارج نیچے اتر کر اس شہری سے بات چیت کرتا ہے مگر شہری کچرا گاڑی میں بھرتا رہتا ہے۔

تاہم تھوڑی دیر بعد کے الیکٹرک کے ملازم گاڑی لے کر بھاگ جاتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.