آرجنٹائن کے فٹبال کھلاڑی لیونل میسی اب بارسلونا کے لیے نہیں کھیلیں گے
فٹبال کلب بارسلونا کا کہنا ہے کہ ’مالی اور انتظامی مشکلات کی وجہ‘ سے فٹبال سٹار لیونل میسی اب بارسلونا کے لیے نہیں کھیلیں گے۔
34 سالہ میسی یکم جولائی سے فری ایجنٹ ہیں جب ان کا کانٹریکٹ ختم ہو گیا تھا۔
اس کے دو ہفتے کے بعد ان کا کلب کے ساتھ قدرے کم معاوضے پر معاہدہ تو ہو گیا تھا تاہم یہ معاہدہ اس بات پر مشروط تھا کہ اگر کلب کچھ کھلاڑیوں کو بیچ کر میسی کی تنخواہ دینے کے لیے وسائل جمع کر لیتا۔
کلب کا کہنا ہے کہ ’تاہم دونوں فریق کو اس بات کا افسوس ہے کہ کھلاڑی اور کلب دونوں کی خواہشات پوری نہ ہو سکیں۔‘
بارسلونا کا کہنا ہے کہ میسی اس کلب کے ساتھ اپنے 21 سالہ کیریئر کی توسیع کا معاہدہ جمرات کو طے کرنے والے تھے تاہم انھوں نے لا لیگا پر اس کی ناکامی کی ذمہ داری ڈالی ہے۔
میسی نے 2026 تک کے لیے بارسلونا کے ساتھ معاہدہ کر لیا تھا تاہم لا لیگا کا کہنا ہے کہ اس کلب کو پہلے تنخواہیں کم کرنی ہوں گی پھر ہی نئے کھلاڑیوں کا اندراج ہو سکے گا۔
بارسلونا کا کہنا ہے کہ ’بارسلونا اور میسی دونوں کے درمیان معاہدہ طے پانے کے باوجود ہسپانوی لیگ کے نگراں ادارے کی وجہ سے یہ عمل میں نہیں آ سکتا۔‘
میسی بارسلونا کے اہم ترین گول سکوررز میں سے ایک ہیں اور انھوں نے اس کلب کے لیے 672 گول کیے ہیں اور 10 مرتنہ لا لیگا ٹائیٹل جیتا ہے، چار چیمپیئنز لیگیں جیتی ہیں، سات کوپا دل ریز اور بالو ڈور چھ مرتبہ جیتے ہیں۔
میسی کو بارسلونا میں رکھا اس کلب کے صدر یوہان لاپورتا کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک رہی ہے۔
دنیا کے اس بہترین کھلاڑی کے مستقبل کے بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔ اور بارسلونا کی مالی مشکلات کی وجہ اب میسی کا اس کلب میں رہنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔
اس سال کے آغاز میں اس کلب کے صدر کے انتخابات ایک ایسے وقت پر ہوئے تھے جب بارسلونا تقریباً دیوالیہ ہو چکا تھا۔
میسی شاید اب دنیا کے سب سے زیادہ ڈیمانڈ والے کھلاڑی بننے والے ہیں۔ اکثر کہا جاتا ہے کہ وہ یا تو پیرس سینٹ جرمین یا پھر مینقسٹر سٹی جائیں گے مگر اس وقت تک یہ واضح نہیں کہ میسی اپنا اگلا سیزن کہاں کھیلیں گے۔
ان کے پا ایک اور آپشن امریکن میجع لیگ فٹبال بھی ہے جو پر وہ ماضی میں بھی غور کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال میسی نے باسلونا سے کہا تھا کہ انھیں گرمیوں میں فری ایجنٹ بننے کی اجازت دی جائے تاہم بعد میں انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ گرمیوں میں بھی بارسلونا ہی رہیں گے کیونکہ کسی بھی کلب کے انھیں بارسلونا سے نکالنے کے لیے درکار 700 ملین یورو کا جرمانہ دینے کی سکت نہیں ہے اور بارسلونا کا اصرار تھا کہ وہ اس شرط سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے
ایک عہد کا اختتام
سنہ 2000 میں 13 سال کی عمر میں میسی نے بارسلونا کی مشہور لا ماسیا اکیڈمی کا رخ کیا تھا اور 2004 میں انھوں نے اپنا سینیئر ڈیبیو کیا تھا۔
انھوں نے اس کلب کے لیے 778 میچ کھیلے، 672 گول کیے جن میں سے 120 چیمپیئنز لیگ کے گول ہیں۔ چیمپیئنز لیگ میں ان کے گولوں کی تعداد دوسرے نمبر پر ہے، سب سے زیادہ گول کرسٹیانو رونالڈو نے کر رکھے ہیں۔ میسی نے اس کے علاوہ 474 لا لیگا گول بھی کیے ہیں۔
میسی نے چھ مرتبہ یورپین گولڈن شو انعام جیتا ہے جو کہ یورپ کا سب سے زیادہ گول کرنے کا انعام ہوتا ہے۔
Comments are closed.