اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئٹریس کا کہنا ہے کہ میانمار میں عالمی برادری کو متحرک کرکے فوجی بغاوت پر دباؤ بڑھائیں گے۔
غیرملکی زرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئٹریس نے میانمار میں فوجی بغاوت کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چاہتے ہیں میانمار میں فوجی بغاوت کو ناکام بنایا جائے اور میانمار کی فوجی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ میانمار میں طویل عرصے کے بعد الیکشن ہوئے تھے اور الیکشن کے مطابق عوامی رائے کے نتائج کو الٹنا قطعی ناقابل قبول ہے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوئٹریس نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں سیاسی قیدیوں کو رہا اور آئین کو بحال کیا جائے جبکہ عالمی برادری کو متحرک کر کے دباؤ بڑھائیں گے تاکہ فوجی بغاوت ناکام رہے۔
واضح رہے کہ ملک میں نومبر میں ہونے والے متنازع انتخابی نتائج کے بعد میانمارمیں سخت کشیدگی تھی، انتخابات میں این ایل ڈی نے حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل کرلی تھیں تاہم فوج نے انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ میانمار میں فوج نے بغاوت کردی اور اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جبکہ آنگ سان سوچی سمیت متعدد رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ میانمار میں سرکاری سرپرستی میں برما کے مسلمانوں پر شدید مظالم کیے گئے اور آنگ سانگ سوچی کو مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا ذمہ دار ٹھرایا جاتا ہے جبکہ برمی مسلمانوں پر مظالم کے بعد میانمار کی رہنما سوچی سے کئی ایوارڈ بھی واپس لیے گئے تھے۔
The post میانمار میں فوجی بغاوت پر عالمی دباؤ بڑھائیں گے، اقوام متحدہ appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.