کراچی میں رزاق آباد سے شیدی گوٹھ پاور ہاؤس تک سڑک کی توسیع مکمل ہو گئی جس کا میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6.2 کلو میٹر طویل سڑک شیدی گوٹھ کے مکینوں کو سفری سہولتیں دے گی، سڑک کو سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے لنک روڈ سے منسلک کیا گیا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اختیارات کا رونا نہیں رو رہی، عوام کے مسائل حل کر رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہے ہیں، کراچی میں سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پارکس بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں، کراچی کا انفرااسٹرکچر بہتر ہوگا تو شہر ترقی کرے گا۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نکاس کے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، شیرپاؤ کالونی میں بہت بڑے اسٹار گراؤنڈ کا افتتاح کیا، شیرشاہ روڈ پر بھی ترقیاتی کام جاری ہے، ملیر کالا بورڈ روڈ کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا، مچھلی چوک کی دوسری سڑک کو بھی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ بلوچ کالونی ایکسپریس وے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کریم آباد انڈر پاس پر کام جاری ہے، کورنگی کازوے پر بھی پل تعمیر کیا جا رہا ہے، کوشش ہوگی ایک سال میں منصوبے کو مکمل کریں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ملیر ایکسپریس وے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، جو 50 بسیں کراچی آ چکی ہیں، ٹیکس کے مسائل کی وجہ سے پورٹ پر کھڑی ہیں، 8 نئی اسنارکل بھی منگوائی گئی تھیں، تمام اسنارکل کراچی پورٹ پر ہیں، اسنارکل کے بھی کچھ ٹیکسوں کا مسئلہ آ رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شہر میں 105 میٹر کی اسنارکل چل رہی ہیں، آگ ہم بجھاتے ہیں ہمارے خلاف ہی آیف آئی آر کاٹ دی جاتی ہے، حافظ نعیم صاحب کہتے ہیں کہ مرتضیٰ وہاب ٹیکس اکٹھا نہ کرو، انہوں نے ہیڈ لائن بنانے کے لیے کہا کہ عدم اعتماد لائیں گے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ محمود مولوی نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی کی قرارداد کو سپورٹ نہیں کریں گے، جماعتِ اسلامی کو ساتھ کام کرنے کی دعوت دیتا ہوں، پیپلز پارٹی تفریق اور تعصب کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، تمام اضلاع میں ترقیاتی کام جاری رہیں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ صوبائی حکومت بھی ہماری ہو گی، وفاق میں بھی ہم ہوں گے بلاول بھٹو وزیرِ اعظم بنیں گے۔
Comments are closed.