بدھ 19؍جمادی الاول 1444ھ 14؍دسمبر 2022ء

موٹروے ایم 6 مبینہ کرپشن: سابق ڈی سی نوشہرو فیروز کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کا ریڈ نوٹس جاری

موٹروے ایم 6 منصوبے میں مبینہ کرپشن کے معاملے میں سابق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) نوشہرو فیروز کی گرفتاری کے لیے انٹرپول نے ریڈ نوٹس جاری کردیا۔

سکھر حیدر آباد موٹروے کے لیے زمین خریدنے کے لیے دی گئی پونے 3 ارب روپے کی رقم کے غبن کیس میں تاشفین عالم کی گرفتاری کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) حیدرآباد نے انٹرپول سے رابطہ کیا تھا۔

تاشفین عالم پر موٹروے منصوبے میں 3 ارب روپے سے زائد کی رقم میں مبینہ خردبرد کا الزام ہے۔

ایف آئی اے ذرائع موٹروے منصوبے میں خردبرد کی خبر سامنے آنے پر تاشفین عالم گزشتہ ماہ ملک سے فرار ہوگئے تھے، وہ اس وقت آذربائیجان کے شہر باکو میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی میں تاشفین عالم کے گھر پر چھاپے کے دوران لیپ ٹاپ اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لی۔

کارروائی کے دوران تاشفین عالم کے برادر نسبتی سعد الحق کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ سابق ڈی سی کے فون ریکارڈز، پاسپورٹ اور سفر کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کرپشن کیس میں بینک کی مقامی برانچ کے 3 افسران زیر حراست ہیں۔

ذرائع کے مطابق تاشفین عالم کو فرار میں مدد کرنے کے الزام میں ایف آئی اے کی ایک خاتون سمیت 3 افسران معطل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.