بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

موزمبیق میں داعش کاحملہ، متعدد افراد ہلاک

افریقی ملک موزمبیق میں داعش کےحملے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق داعش نے تین روز قبل موزمبیق کے شمالی علاقے پالما میں ایل این جی کی سائٹ کے قریب حملہ کیا، شدت پسند تنظیم کے حملے کے باعث 180 سے زائد افراد 3 دن سے ہوٹل میں محصور ہیں، محصور افراد میں غیر ملکی ورکرز بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پالما میں فرانسیسی تیل کمپنی سمیت 6 دیگر انٹرنیشنل فرمز موجود ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے باعث متعدد افراد ہلاک ہوئے، کئی لاشیں سڑکوں پر پڑی ہیں جس میں سے زیادہ تر کے سر تن سے جدا ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہوٹل میں محصور افراد کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق داعش کے حملے کے بعد کئی شہریوں نے قریبی جنگل میں پناہ لے رکھی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہیں، داعش سے مقابلے کے لیے فوج کو بھیج رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.