بھارت کے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے سرکاری راشن فراہمی کی دکانوں پر شہریوں کو بھارتی جھنڈا خریدنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ 15 اگست کو یوم آزادی کا جشن منانے کے لیے شہریوں سے کہا جا رہا ہے کہ مفت راشن حاصل کرنے سے پہلے جھنڈا خریدنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہریانہ میں ایک گاہک نے جھنڈا خریدنے سے انکار کیا تو اسے مفت راشن دینے سے منع کردیا گیا۔
دکاندار نے کہا کہ اوپر سے حکومت کا حکم ہے کہ جو لوگ جھنڈا خریدنے سے منع کر دیں انہیں راشن نہیں دیا جائے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ قوم پرستی فروخت نہیں کی جاسکتی، ترنگے کے ساتھ ساتھ بی جے پی حکومت ملک کے غریب عوام کی عزت نفس پر بھی حملہ کر رہی ہے۔
نریندر مودی حکومت کے ناقدین کا کہنا ہے کہ طلبہ، دکاندار، رہائشی سوسائٹیز کی ایسوسی ایشن اور کمپنیز پر حکومت کے حامیوں کی طرف سے جھنڈے کی نمائش کے لیے زور ڈالا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے رواں سال جشن آزادی منانے سے قبل ’ہر گھر ترنگا‘ نام کی ایک مہم شروع کر رکھی ہے۔
حکومت نے پیر تک 20 کروڑ جھنڈوں کی نمائش کا ہدف مقرر کیا ہے، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ شہری اپنی سوشل میڈیا تصاویر پر بھارتی جھنڈا آویزاں کریں۔
Comments are closed.