بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

منی بجٹ منظوری کیلئے حکومت متحرک، وزیراعظم کل پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے

قومی اسمبلی میں منی بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت متحرک ہوگئی، وزیراعظم عمران خان کل پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔

وزیراعظم قومی اسمبلی اجلاس سے پہلے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس میں منی بجٹ منظوری کے ساتھ اپوزیشن کی حکمت عملی سے نمٹنے کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اتحادیوں کے تمام اراکین کو آج رات اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی۔

منی بجٹ کے حوالے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے اراکین قومی اسمبلی کے لیے الگ الگ عشائیہ رکھ لیا۔

ذرائع کے مطابق ان عشائیوں میں منی بجٹ کی منظوری سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ایم این ایز کو کل کے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دوسری طرف حکومتی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان گومگوں کا شکار ہے۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی منی بجٹ سے متعلق اجلاس میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کرسکی ہے، پارٹی ارکان کو تاحال گرین سگنل نہیں ملا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے منی بجٹ میں 11 ترامیم تجویز کی ہیں تاہم حکومت نے اب تک اتحادیوں کو منی بجٹ میں کسی بھی نوعیت کی تبدیلی کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔

ایم کیو ایم کی قیادت منی بجٹ پر حکومت کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ تاحال نہیں کرسکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.