الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 20 منحرف ارکانِ قومی اسمبلی کے خلاف نا اہلی کے ریفرنسز کی سماعت کے دوران نور عالم خان کے وکیل نے دلائل دیے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
دورانِ سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ایک ایک کر کے ممبران کو بلائیں گے۔
نور عالم خان کی جانب سے وکیل بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جنہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے مؤکل نے سیاسی جماعت سے نہ استعفیٰ دیا نہ کسی اور جماعت میں شمولیت اختیار کی۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن مکمل نہیں ہے، یہ کمیشن اس کیس پر پروسیڈنگ نہیں کر سکتا، کمیشن کے سامنے 2015ء میں ایسے کیسز آئے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کمیشن نے آرڈر کیا تھا کہ مکمل کمیشن ایسے کیسز پر فیصلہ کرے گا، منحرف ارکان کے کیس پر فل کمیشن ہی فیصلہ کر سکتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ اسپیکر قومی اسمبلی اس کیس پر جواب داخل کریں، کمیشن فیئر سماعت ہی کرتا ہے، اسپیکر ریفرنس کی کاپی لے لیں، 6 مئی تک اپنا جواب جمع کرا دیں، ہم 30 دن میں فیصلہ کر لیں گے۔
الیکشن کمیشن میں ریفرنسز کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
Comments are closed.