بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک میں کورونا سے مزید 43 مریض انتقال کرگئے

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 43  مریض زندگی کی بازی ہار گئے ، جس کے بعد کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار 779 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 117 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 43 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 1ہزار 919 مریض شفایاب ہو گئے ہیں جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 4.5 فیصد ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق  ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 779 ہو گئی ہے جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار 53 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 59 ہزار 33 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار947 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ کُل 8 لاکھ 41 ہزار 241 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق  گزشتہ  24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 52 ہزار223 ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک کُل 1 کروڑ 32 لاکھ 21 ہزار 580 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ اب تک کورونا ویکسین کی کُل 61 لاکھ 30 ہزار 509 خوراکیں بھی دی جا چکی ہیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 3 لاکھ 39 ہزار 686 ہو گئی جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 9 ہزار 999 ہو چکی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 665 ہو چکی ہے جس میں سے کُل اموات 5 ہزار 20 ہو گئیں ہیں جبکہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار 549 ہو چکی ہے اور یہاں اب تک کُل اموات 4 ہزار 73 ہو گئیں ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 81 ہزار 195 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک یہاں کُل 760 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق  کورونا وائرس کے بلوچستان میں 25 ہزار 148 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 277 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 19 ہزار 232 مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک یہاں کُل 543 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 578 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں اور یہاں اب تک 107 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان عالمی حساب سے  کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 29 ویں نمبر پر ہے۔

You might also like

Comments are closed.